حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں تبدیلی کی لہر، عوام بے چین

وائی ایس آر سی پی امیدوار وجیہ ریڈی کی انتخابی مہم، رائے دہندوں سے ملاقات

حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی خیریت آباد کو مثالی حلقہ کی طرز پر تشکیل دینے کا وعدہ کرتے ہوئے وائی ایس آر پارٹی امیدوار وجیہ ریڈی نے کہاکہ حلقہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ اپنے والد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے طرز پر عوامی خدمات کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وجیہ ریڈی نے بتایا کہ وہ حلقہ کے تمام مسائل سے واقف ہیں۔ اُنھوں نے اپنے پیدل دورے اور گھر گھر ملاقات پروگرام کے بعد میڈیا کو بتایا کہ خیریت آباد حلقہ کو منتخبہ نمائندے نے نظرانداز کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھا۔ اُنھوں نے کانگریس قائد و سابق وزیر ڈی ناگیندر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اراضیات پر قبضہ اور مذہبی مقامات پر بھی قبضے کرتے ہوئے حلقہ میں بے چینی پیدا کی گئی اور عوامی توجہ کو ہٹاکر ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی امیدوار وجیہ ریڈی نے الزام لگایا کہ تلگودیشم اور کانگریس کے قائدین نے عوامی نمائندگی کرتے ہوئے علاقہ کے مسائل کو سلجھانے کے بجائے مزید اُلجھادیا۔ وجیہ ریڈی نے کہاکہ وہ اپنے والد آنجہانی قائد پی جناردھن ریڈی کے طرز پر عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا چاہتی ہیں اور خیریت آباد حلقہ کی ترقی کیلئے دن رات سخت محنت کریں گی۔ انھوں نے کہاکہ جب وہ عوام کی دہلیز پر پہونچ رہی ہیں تو عوام انھیں اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے آنجہانی قائد کو یاد کررہے ہیں۔ اُنھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اپنے والد پی جے آر کے طرز پر عوام کی خدمت کریں گی اور عوامی خدمات کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں گی۔ اُنھوں نے خواتین کو بھروسہ دلایا اور کہاکہ وہ خواتین کی فلاح و بہبود اور خود روزگار کے لئے خصوصی منصوبوں کو عمل میں لائیں گے۔ اُنھوں نے عوامی ردعمل کے بعد عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ ان کے بھروسہ اور خواہشات کے مطابق کارکردگی انجام دیں گی۔