نئی دہلی ، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید جموں و کشمیر میں 25 رکنی کابینہ کی قیادت کریں گے جس کا نصف حصہ بی جے پی سے رہے گا، اور اتوار کو جموں میں حلف برداری تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔ اب جبکہ متنازعہ مسائل جیسے آرٹیکل اور افسپا پر اختلافات کی یکسوئی کرلینے کے بعد پی ڈی پی ۔ بی جے پی معاملت طئے ہوگئی، 79 سالہ سعید نے جنھیں بحیثیت چیف منسٹر حلف دلایا جائے گا، آج وزیراعظم سے ملاقات کی، جس کے ساتھ دونوں پارٹیوں کے درمیان تشکیل حکومت پر دو ماہ طویل سخت مذاکرات منطقی انجام کو پہنچے۔ ذرائع کے مطابق سعید 25 رکنی کابینہ کی قیادت کریں گے جس میں 12 بی جے پی ایم ایل ایز بشمول ڈپٹی چیف منسٹر رہیں گے۔ یہ پہلی بار ہے کہ بی جے پی اس ریاست میں حکومت میں آرہی ہے۔ پی ڈی پی کے اعلیٰ مذاکرات کار حسیب درابو کے ہمراہ سعید کی مودی کیساتھ تقریباً گھنٹہ طویل میٹنگ ہوئی جس کے دوران انھوں نے وزیراعظم کو جموں میں یکم مارچ کو حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا۔ مودی اور سعید مسکراہٹ بکھیرتے رہے ، وہ گلے ملے اور تصویر کشی کا موقع دیئے۔