سرکاری افواج کی دیگر اضلاع کی جانب پیشرفت
بیروت ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) موافق حکومت افواج نے آج شام کے شہر حلب کے جنوبی مضافات میں ایک اہم ضلع کو دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔ ایک نگرانکار نے بتایا کہ سرکاری افواج نے باغیوں کو پیچھے ڈھکیلتے ہوئے اس علاقہ پر قبضہ کرلیا۔ ایک ماہ طویل کارروائی کے بعد باغیوں سے یہ علاقہ حاصل کیا گیا ہے۔ سرکاری افواج رموسا مقام پر بھی مزید پیشرفت کررہی ہے۔ حلب کی اپوزیشن کو کمزور کرتے ہوئے اتوار کے دن سے ہی اس علاقہ پر صدر بشارالاسد کی حامی فورسیس نے پیشقدمی کی ہے۔ سرکاری افواج اس وقت ضلع رموسا کا مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے باغیوں سے لڑ رہی ہے۔ یہاں پر باغیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی جاری تھی۔ اسلام پسند جنگجوؤں اور جہادی گروپوں کے خلاف بشارالاسد حامی فوج نبردآزما ہے۔ انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے شامی نگرانکار عہدیدار رمی عبدالرحمن نے بتایا کہ عراقی اور ایرانی موافق حکومت ملیشیاء کو دوبارہ کمک ملنے کے بعد اس ہفتہ کے اوائل میں وہ شہر کے جنوبی حصہ میں پہنچ چکی ہے۔ یہ فوج اس جنگ کا نقصان برداشت نہیں کرسکتی۔ اگر یہ جنگ ہار گئی تو اسے ہر جگہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ باغیوں اور اس کے جہادی حلیف تنظیموں نے جنوبی حلب کے مضافات میں 31 جولائی کو بہت بڑا حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد حکومت کی فوج نے اس علاقہ کا محاصرہ کیا تھا۔