حلب پر شامی فوج کی بمباری ، 121 ہلاکتیں

دمشق ، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے دوسرے سب سے بڑے شہر حلب پر حکومتی فورسز کی جانب سے کئے جانے والے فضائی حملوں میں کم از کم 121 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملے گزشتہ 48 گھنٹوں سے جاری ہیں، جن میں شامی فورسز بیرل بموں کا استعمال بھی کر رہی ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق صرف اتوار کے روز ان حملوں میں 36 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہفتہ کو ہلاک شدگان کی تعداد 85 تھی۔ جنیوا میں کئی روز تک شامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حالیہ مذاکرات میں فریقین کے درمیان بہت کم اتفاق رائے دیکھا گیا۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ ملک میں عبوری حکومت قائم کی جائے جس میں صدر بشار الاسد کا کوئی کردار نہ ہو جبکہ شامی حکومت دہشت گردی کے خاتمے پر زور دیتی رہی ہے۔