بنگلور ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر وی نارائنا سوامی نے آج کہاکہ ایک بل پیش کیا جائے گا جس میں شہریوں کو پاسپورٹس، وظیفے اور پیدائش و اموات سرٹیفکیٹس کی اجرائی کی خدمات کو فوری وقت پر انجام دیئے جانے لازمی قرار دیا جائے گا۔ یہ بل آئندہ ماہ پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران منظور کیا جائے گا۔ حق شہری قانون برائے وقت پر اشیاء اور خدمات کی سربراہی اور ان کی شکایات کے ازالہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں منظوری یقینی ہے۔ 5 فبروری تا 21 فبروری کو پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کا دوسرا حصہ منعقد ہورہا ہے، جس میں علی الحساب بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اپریل، مئی میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل یہ بجٹ منظور کیا جائے گا۔ مجوزہ قانون سے ان عہدیداروں کے خلاف 50 ہزار روپئے کا جرمانہ کرنے کی راہ ہموار ہوگی جو وقت پر عوام کو خدمت فراہم کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ نارائنا سوامی نے کہا کہ کرناٹک کے بشمول ملک کی 14 ریاستوں میں اس طرح کا قانون پہلے سے ہی موجود ہے جو سکلا اسکیم کے تحت روبہ عمل لایا جارہا ہے۔
بی جے پی کے بشمول اپوزیشن پارٹیوں نے اس بل پر تنقید کی اور کہا ہیکہ ریاستوں کو اس قانون پر عمل کرنے کیلئے مجبور کرنا وفاقی ڈھانچہ کے اختیارات پر حملہ ہے۔ اس بل میں ہر شہری کو یہ اختیار دیا گیا ہیکہ وہ سرکاری عہدیداروں کے خلاف بروقت شکایت کریں۔ عوام کو وقت پر مخصوص اشیاء کی سربراہی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ مجوزہ قانون کا اطلاق محکمہ نظم و نسق اصلاحات اور عوامی شکایات کے علاوہ دیگر محکموں پر ہوگا۔ ان محکموں کیلئے یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہیکہ وہ عوام کی شکایت کا ازالہ کرنے کیلئے کال سنٹرس قائم کریں۔ اس کے علاوہ کسٹمر کیرس بھی چلائے جائیں گے۔ ہیلپ ٹیکس قائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کیلئے وقت پر سرکاری کاموں کی تکمیل انجام دی جاسکے۔