اسلام آباد /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) خوفناک حقانی نٹ ورک جو افغانستان میں ہندوستانی مفادات پر چند مہلک ترین حملوں کے پس پردہ تھا، اس کے سربراہ جلال الدین حقانی کا آج انتقال ہو گیا۔ وہ سراج الدین حقانی کے والد تھے، جنھیں حال ہی میں طالبان کے نئے سربراہ ملا اختر منصور نے اپنا نائب مقرر کیا ہے۔ جلال الدین کی عمر 70 اور 80 سال کے درمیان تھی۔ 1980ء کی دہائی میں سوویت یونین کے خلاف جنگ کی وجہ سے ان کی شہرت ہوئی تھی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا انتقال کہاں ہوا۔ امریکہ نے ان کے سرپر ایک کروڑ امریکی ڈالر کا انعام رکھا تھا۔ جلال الدین نے عرصہ قبل اپنے اختیارات اپنے فرزند اور خلیفہ سراج الدین کو سپرد کردیئے تھے۔ جلال الدین کے تین بیٹے امریکی ڈرون حملوں میں اور ایک 2013ء میں شہر اسلام آباد میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاک ہوا تھا۔ ان کی موت کی توثیق سے اندیشہ ہے کہ عسکریت پسندوں اور حکومت افغانستان کے مجوزہ مذاکرات متاثر ہوں گے۔