حقائق سے بعید بجٹ پر کانگریس کے الزامات مسترد

برقی مسئلہ پر کانگریس کی عدم واقفیت : وزیرفینانس کا ایوان میں بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کانگریس کے رکن بٹی وکرمارکا کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ وزیر فینانس نے حقائق سے بعید بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ کسی اور کی جانب سے لکھے گئے بجٹ کو وزیر فینانس نے ایوان میں پڑھا اور حکومت نے بجٹ کی تیاری سے قبل عوامی ضروریات کا جائزہ نہیں لیا۔ کانگریسی رکن کے اس ریمارک پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے وسیع تر مشاورت اور عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ہی بجٹ تیار کیا ہے ۔ یہ بجٹ کسی اور کی جانب سے لکھا گیا نہیں ہے بلکہ ریاست کی جامع ترقی کے مقصد سے تیار کردہ بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بٹی وکرمارکا حقائق کو جانے بغیر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس کی حیثیت سے وہ بجٹ کے بارے میں مکمل باشعور ہیں اور انہیں اپوزیشن کے مشورہ کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح متحدہ ریاست میں کانگریس پارٹی نے بجٹ تیار کیا تھا، کانگریسی رکن اسی طرح کے بجٹ کی توقع کر رہے ہیں۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے پنشن اسکیم کیلئے ادائیگی کی رقم ماہانہ 200 سے بڑھاکر 1000 روپئے کی ہے ۔ دو کیلو چاول کی جگہ خاندان کے ہر فرد کو 6 کیلو چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ دلتوں کو تین ایکر اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اراضی کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ ای راجندر نے دعویٰ کیا کہ غریبوں کی بھلائی کے اقدامات کا سہرا ٹی آر ایس کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رکن عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برقی کے مسئلہ پر کانگریس ارکان حقائق سے واقف نہیں۔