کیروپراکٹک کیمپ سے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 ؍ جون ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ ہر انسان کو صحت مند زندگی گزارنے کے لئے ہمیشہ جنرل چک اپ کروانا چاہئے اور اگر خاندان میں کوئی شخص مختلف بیماریوں میں مبتلاء ہو تو خاندان کا ہر فرد سال میں ایک دفعہ جنرل چک کروانا لازمی ہے تاکہ وہ کسی بیماری میں مبتلاء نہ ہو ۔ جناب عامر علی خان پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی امریکہ کے اور ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سہ روزہ مفت کیروپراکٹک کیمپ کا عابد علی خان آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ محترمہ شاہدہ انصاری (امریکہ) نے سہ روزہ کیمپ کا افتتاح کیا ۔ پروفیسر معین انصاری صدر شعبہ نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی کے علاوہ دیگر فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر جان شریف ‘ ڈاکٹر میتھو تامسن ‘ ڈاکٹر ونڈاکاربرٹ ‘ ڈاکٹر انجلی پرساد کے علاوہ 22 کیروپرکٹک ڈاکٹرز نے 800 سے زائد مرد و خواتین مریضوں کا معائنہ کیا ۔ پروفیسر معین انصاری نے اپنی تقریر میں کہا کہ گذشتہ 18 برسوں سے امریکہ سے کیروپراکٹک ڈاکٹرز ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ خاص طور پر حیدرآباد کا دورہ کر رہے ہیں اور یہاں پانچ روزہ مفت کیروپراکٹک کیمپ میں شرکت کر رہے ہیں ۔
انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون سے گذشتہ کئی برسوں سے کیروپراکٹک کیمپ کا حیدرآباد میں انعقاد عمل میں لا یا جا رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسطرح سے ہمیشہ ادارہ سیاست کا تعاون رہے گا ۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے کہا کہ امریکہ کے کیروپراکٹک ڈاکٹرز حیدرآبادی عوام کے خلوص اور یہاں کی مہمان نوازی سے متاثر ہیں اور یہاں مفت کیروپراکٹک کیمپ میں شرکت کرنے کے لئے ہمیشہ آنے کے لئے راضی رہتے ہیں محترمہ شاہدہ انصاری نے کہا کہ کیروپراکٹک ڈاکٹرز اپنے ہاتھ کی انگلیوں کی تیکنک کے ذریعہ ہر قسم کے دردوں کے علاوہ جوڑوں کے درد اور اعصابی درد میں مبتلاء مریضوں کا کامیاب معائنہ کرتے ہوئے کیروپراکٹک ڈاکٹر بغیر دوا اور بغیر کسی سرجری سے علاج کرتے ہیں ۔ اور مریضوں کو علاج کے بعد ضروری تغذیہ اور ایکسرسائز کی ہدایات دیتے ہیں ۔ کیروپراکٹک میڈیکل کیمپ میں شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے مریضوں نے استفادہ کیا ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین کوارڈینیٹر کیمپ کے علاوہ جناب ایم این بیگ ‘ جناب فہیم انصاری ‘ جناب اطہر سمیع الدین ‘ جناب محمد برکت علی ‘ جناب محمد ندیم (اعظم ووکیشنل کالج) ‘ جناب احمد صدیقی مکیش نے انتظامات کی نگرانی کی ۔