مدرسہ کے فارغ التحصیل اور ترک تعلیم نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنا عظیم ملی خدمت، جناب زاہد علی خاں کا خطاب
کمیونٹی ٹیکنیکل ایجوکیشن ٹرسٹ حیدرآباد سے فاغ التحصیل 82 طلبہ کو معروف کمپنیوں میں روزگار مل گیا
حیدرآباد 24 اپریل (نمائندہ خصوصی) ملت کی خدمات اور کم تعلیم یافتہ بچوں کو ایک سال میں دنیا کی معروف کمپنیوں میں ملازمت اور خود روزگار سے جوڑنے کی انوکھی خدمات کمیونٹی ٹکنیکل ایجوکیشن ٹرسٹ حیدرآباد دے رہا ہے جس نے آج اپنی ایک تقریب میں مہمان خصوصی مدیر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں آٹو موبائیل ٹکنیشین کا ڈپلوما مکمل کرنے والے 82 طلبہ میں اسناد تقسیم کی ہیں۔ کمیونٹی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (سی آئی ٹی) حیدرآباد دراصل آج کے دور میں آٹو موبائیل ٹکنیشین عصری علوم کا ایسے افراد کے لئے انتظام کر رکھا ہے جوکہ پانچویں جماعت کے بعد ترک تعلیم کرتے ہیں۔ نیز حفاظ کرام کے علاوہ دینی مدارس کے فارغ نوجوانوں کے لئے روزگار پر مبنی آٹو موبائیل شعبہ میں مختلف کورسیز کی مفت ٹریننگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہاں آٹو موبائیل ٹکنیشین کا ایک سالہ، آٹو الیکٹریشن کا 6 ماہی اور ڈرائیونگ کا 45 دنوں پر مشتمل کورس موجود ہے۔ یہ کورسیس مفت ہونے کے علاوہ اس کی سند ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ نئی دہلی گورنمنٹ آف انڈیا کا منظور اور رجسٹرڈ این سی وی ٹی سرٹیفکٹ کہلاتی ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ کو شیورلیٹ، ماروتی، ہونڈائی اور مزدا جیسی کمپنیوں میں بہ آسانی ملازمتیں مل جاتی ہیں۔ یہ ادارہ جو پہلے حج ہاؤز میں اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے، اب بستی نبی کریم، تاڑبن، عیدگاہ میرعالم منتقل ہوچکا ہے اور آج یہاں منعقدہ ایک تقریب میں مدیر سیاست جناب زاہد علی خاں نے کار اسکیانر مشین کا افتتاح کیا اور طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں سب سے پہلے اس ادارے کی اس ملت کی خدمات پر ان کی ستائش اور انھیں مبارکباد دی۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ مدرسے کے فارغ التحصیل طلبہ اور حفاظ کافی ذہین ہوتے ہیں اور ان کی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے انھیں یہاں نہ صرف ہنرمند بنایا جارہا ہے بلکہ انھیں کم عرصے میں روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ ملت کے نوجوانوں اور خصوصاً مدرسہ کے فارغ التحصیل طلبہ اور حفاظ کو روزگار سے جوڑتے ہوئے ملت کی خاموش اور انوکھی خدمات انجام دینے کو زاہد علی خان نے ایک کارخیر سے تعبیر کیا اور ساتھ ہی اہل خیر حضرات کی توجہ اس کرایہ کی عمارت پر مبذول بھی کروائی اور مطالبہ کیاکہ کوئی ایصال ثواب کی نیت سے اس ادارہ کو اراضی یا عمارت فراہم کرتا ہے تو یہ ملت کی ایک عظیم خدمت ہونے کے علاوہ دونوں جہاں میں فائدے کا سودا ہوگا۔ طلبہ کے ساتھ طویل وقت گزارنے کے علاوہ جناب زاہد علی خاں نے اس ادارے کا مکمل دورہ کیا اور طلبہ سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ محمد انور حسین جوکہ اس ادارہ کے ڈائرکٹر ہیں انھیں جناب زاہد علی خان نے مبارکباد دی۔ اس دوران سوال و جوابات کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ جناب زاہد علی خان نے طلبہ سے ملاقات کے دوران ان کی ستائش بھی کی۔ اُنھوں نے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے ایک صحیح فیصلہ کرتے ہوئے خود کو ہنرمند اور روزگار سے جوڑ لیا ہے۔ ادارہ کے چیرمین ڈاکٹر محمد عبدالرؤف نے اس موقع پر کہا ہے کہ شہر کے طلبہ کے بعد اب ان کی توجہ اضلاع کے ایسے طلبہ پر مرکوز ہوچکی ہے جوکہ ترک تعلیم یا پھر دینی مدارس کے فارغ التحصیل ہیں۔ ڈاکٹر عبدالرؤف نے کہاکہ ایک سالہ آٹو موبائیل ٹکنیشین کورس 6 ماہی آٹو موبائیل الیکٹریشن اور 5 ہفتوں پر مشتمل کار ڈرائیونگ و میکانزم معہ لائسنس کورسیز میں داخلے سے قبل ٹکنیکل، انگلش، ریاضی و سائنس اور انجینئرنگ کی خصوصی تربیت، کمپیوٹرائزڈ اور عصری کورس میں تمام تعلیمی اخراجات ادارہ برداشت کرنے کے علاوہ مستحق طلبہ کو بس پاس اور اسکالرشپ کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ یہاں اس حقیقت کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ یہ ادارہ انٹرنیشنل ہیومن آف پراٹیکل ایجوکیشن کارپوریشن 501C-3 ، فیڈرل گورنمنٹ، انٹرنل ریو سرویس فار ایجوکیشن کارپوریشن نیویارک سے مسلمہ ہے۔ اس ادارہ میں اب داخلے جاری ہیں اور خواہشمند حضرات تمام تر تفصیلات پرنسپل کمیونٹی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اقبال محی الدین احمد سے 9246562813 ، اور ڈائرکٹر انور حسین 9502696026 سے حاصل کرسکتے ہیں۔