حضور نظام کی تعریف سے نظام کے خلاف تحریک چلانے والوں کی توہین

چیف منسٹر کے سی آر کے وعدے ’ نام بڑے درشن چھوٹے ‘ کے مترادف ، ای دیاکر راو
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم کے فلور لیڈر مسٹر ای دیاکر راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے حضور نظام کی تعریف کرنے کو نظام کے خلاف تحریک چلانے والے مجاہدین کی توہین قرار دیا اور چیف منسٹر کے وعدوں اور اعلانات کو نام بڑے درشن چھوٹے قرار دیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر دیاکر راؤ نے کہا کہ نظام کے مظالم ڈھائے رضاکاروں نے عوام جذبات کو ٹھیس پہنچایا ۔ نظام کا دور حکومت ظالمانہ دور تھا جس کے خلاف عوام نے بغاوت کردی تھی ۔ کئی مجاہدین نے جانی مالی قربانیاں دیتے ہوئے نظام سے نجات حاصل کی تھی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نظام کی ستائش کرتے ہوئے ان کے خلاف بغاوت کرنے والے مجاہدین کی توہین کررہے ہیں ۔ جس کی تلگو دیشم پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے پاس سوائے وعدے اور اعلانات کرنے کے دوسرا کوئی کام نہیں ہے ۔ جو بھی اضلاع کا دورہ کررہے ہیں وہاں ترقیاتی کاموں کے لیے ڈھیر سارے وعدے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس کو 7ماہ قبل اقتدار سونپا ہے ۔ بحیثیت چیف منسٹر اقتدار کے 7 ماہ مکمل کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے ہیں ان میں سے ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ہے ۔ جو بھی علاقوں کا وہ دور کررہے ہیں وہاں کے لیے زبانی جمع خرچ وعدے کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت کے پاس ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے ۔ انتخابات سے قبل ٹی آر ایس نے ہر دلت خاندان کو تین ایکڑ اراضی دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ غریب عوام کو دو بیڈ روم پر مشتمل فلیٹ دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ مگر ایک بھی وعدے کو نبھانے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ جس کی تلگو دیشم پارٹی مذمت کرتی ہے ۔ اگر حکومت کا یہی حال رہا تو تلگو دیشم پارٹی سارے علاقے تلنگانہ میں احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی ۔۔