حضرت سید شاہ اسداﷲ باجنی قادری چشتی شطاریؒ

مولانا سید شاہ احمد اﷲ باجنی قادری چشتی شطاری

حضرت سید شاہ اسداﷲ باجنی قادری چشتی شطاری برہانپور میں پیدا ہوئے ۔ بچپن ہی میں والدہ محترمہ کا سایہ ہٹ گیا۔ آپ کے والد بزرگوار نہایت متقی و عبادت گذار و باکمال بزرگ تھے ۔ آپ کی ابتدائی تعلیم والد بزرگوار و پیر حضرت سیدنا شیخ سعداﷲ ؒ نے دی ، اُس کے بعد علماء سے ظاہری علوم کا تکمیلہ فرمایا ۔ آپ بچپن سے ذہین اور بزرگوں کی صحبت و خدمت میں لگے رہتے ، اُن کے ارشادات کو پوری توجہ سے دل نشین کرلیتے ۔ اپنے والد و پیر کی خدمت میں ہمیشہ رہتے ۔ آپ کو کم عمری ہی میں والد بزرگوار نے سلسلہ چشتیہ و شطاریہ میں بیعت لیکر کچھ دن بعد خلافت سے سرفراز فرمایا ۔ دیڑھ سال بعد آپ کے والد کا وصال ہوگیا ۔ کچھ عرصہ بعد برہانپور سے ارکاٹ پہنچے پھر حیدرآباد دکن تشریف لاکر محلہ حسینی علم کی بڑی مسجد میں جو آجکل مسجد حضرت ابوالحسنات سید عبداﷲ شاہ نقشبندیؒ سے موسوم ہے ، قیام فرماکر بندگانِ خدا کو اﷲ کی طرف توجہ دلانا شروع فرمایا ۔ آپ قرآن و حدیث اور حقائق و معارف کا درس دیتے ۔ آپ مسئلہ ’’وحدت الووجود ‘‘کے قائل اور اُس کی تعلیم فرماتے ۔ مثنوی شریف کا حاشیہ لکھا ۔ آپ نے پانچ کتابیں تصوف و دیگر علوم پر لکھیں جس میں ایک نام ’’خزینۂ رحمت ‘‘ ہے ، یہ سب قلمی اور نادرالوجود ہیں‘‘ ۔ آپ اکثر روزہ رکھتے ۔ غذا میں چنا اورمونگ پانی میں بھگوکر نوش فرماتے ۔ نماز تہجد کے بعد ذکر میں فجر تک مشغول رہتے ۔ بعد فجر مراقبہ فرماتے ۔ ہر مذہب کے لوگ آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے اور مفید مشوروں سے مستفید ہوتے ۔ آپ کو چار صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں تھے ۔ ۷۴ سال کی عمر میں وفات ہوئی اور قیامگاہ ہی میں آخری آرام گاہ بنی ۔ ۲۸؍ جمادی الاول ۱۲۰۵؁ ھ آپ کا سنہ وفات ہے ۔