حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کا عظیم پیام ’ہم آہنگی‘

نئی دہلی ۔ 21 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس ضمن میں انہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے ’’عظیم پیام‘‘ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے عرس شریف کے موقع پر چادر بھی روانہ کی ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ، اجمیر شریف کے عرس کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نریندر مودی نے اپنے پیام میں کہا کہ ہندوستان ہزارہا برس سے سادھو، سنتوں اور اولیاء اللہ کی سر زمین رہی ہے۔ انہوں نے حضرت خواجہ چشتیؒ کے اپنے عقیدت مندوں کو دیئے گئے پیام محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ان کا یہ پیام معنویت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ نے تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے عقیدت مندوں کو یہ پیام دیا ہے کہ وہ ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاریں اور صوفیوں و سنتوں کی روایات کو برقرار رکھیں۔ ان کا یہ پیام آج کے دور میں بھی اسی طرح اہمیت کا حامل ہے۔ نریندر مودی نے آج منسٹر اف اسٹیٹ اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو یہ چادر حوالہ کی جو درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔