جامعۃ المومنات میں جلسہ فیضان غریب نواز ، ڈاکٹر رضوانہ زرین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /4 مئی (راست) حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے تعلیمات میں سنت رسولؐ کی جھلکیاں نظر آتی ہے ۔ آپ رشد و ہدایت دعوت و تبلیغ کے اعلیٰ منصب پر فائز تھے ، حضرت خواجہ غریب نوازؒ نے فرائض کے علاوہ نفل نمازوں کا بھی کثرت سے اہتمام کرتے تھے ۔ آپ کی کئی کرامات ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ جلسہ فیضان غریب نوازؒ برائے خواتین میں ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل جامعۃ المؤمنات نے کیا ۔ جلسہ کا آغاز حافظہ سمیرہ خاتون کی قرأت ، قاریہ ثنا امرین کی نعت شریف سے ہوا ، سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو شخص آپ کی خدمت میں حاضر ہوتا اور صرف تین دن حضرت کی خدمت میں رہتا وہ حقیقی مومن ہوجاتا یا کافر ، ولی اللہ ہوجاتا تھا ، آپ کے اخلاق و عادات میں سب سے بڑی چیز زہد تھا اس کے ساتھ ساتھ آپ بہت فیاض بھی تھے کہ اجمیر شریف میں آپ نے لنگر خانہ قائم کیا تھا ۔ سینکڑوں اشخاص روزانہ لنگر سے کھانا کھاتے لیکن کسی کو معلوم نہیں تھا کہ لنگر کا خرچ کیسے چل رہا ہے ، اسلامی طریقہ کار میں حاجت مندوں کی حاجت کو پورا کرنا بھوکوں کو کھانا کھلانا ، عاجزوں کی فریاد رسی کرنا اس سے بڑھ کر نیک کام اور کوئی نہیں ایسے نیک اعمال آپ کی زندگی کا اہم ترین مقصد تھا ، اور اسی کے ساتھ ساتھ اپنی تمام زندگی میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضہ کو ادا کرتے رہے جو بزرگان دین اور سلف صالحین کا وطیرہ تھا ۔ عالمہ رقیہ سلطانہ نے فرمایا کہ والدین کی فرمابرداری کرنا اولاد پر ضروری ہے ۔ اطاعت والدین میں اللہ اور اس کے رسولؐ کی رضامندی ہے جو شخص والدین سے راضی نہیں ہوتا اللہ اور اس کے رسول بھی اس سے ناراض ہوتے ہیں ۔ عالمہ سیدہ غوثیہ شاہد نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ نے کہاکہ حضورؐ نے فرمایا کہ غم کا اظہار آنکھ سے آنسو نکالنے کے ذریعہ سے ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے اور اس کی رحمت کا حصہ ہے ۔ اگر وہ ہاتھ یا زبان کے ذریعہ سے ہو تو وہ شیطان کی جانب سے ہے جو نوحہ ہے اللہ کے رسولؐ نے فرمایا کہ نوحہ کرنا حرام ہے ۔ قاریہ نسیمہ بیگم نے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا جو مسلمان صبح کے وقت کسی دوسرے مسلمان کی عیادت کرتا ہے ستر ہزار فرشتے اس کے لئے دعاء کرتے ہیں اور اس کے لئے جنت میں ایک باغ مقرر کیا جاتا ہے ۔ عالمہ شفاء تذہین نے کہا کہ جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے ۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا مؤمن میں تمام خصلتیں ہوسکتی ہیں مگر خیانت اور جھوٹ نہیں ہوسکتے ، جھوٹ چہرہ کو سیاہ کردیتا ہے دعا و سلام پر اجتماع اختتام کو پہنچا ۔