حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز کے عرس تقاریب کا آج آغاز

کل جلوس صندل مبارک ۔ حضرت ڈاکٹر خسرو حسینی کی نگرانی میں تمام تر انتظامات مکمل
حیدرآباد۔6اگسٹ (سیاست نیوز) حضرت سید خواجہ سیدنا گیسودراز بندہ نوازؒ کے 613ویں عرس تقاریب کا آغاز 7اگسٹ بروز دوشنبہ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی لباس خواجگی میں درگاہ شریف حضرت بندہ نوازؒ کی خدمت انجام دیتے ہوئے کریں گے۔ اسی روز شام سجادہ نشین خواجہ بازار کا افتتاح انجام دیں گے۔ نظام العمل کے مطابق 8اگسٹ مطابق 15ذیقعدہ کو 6بجے جلوس صندل مبارک محبوب مارکٹ سے روانہ ہوگا جہاں سجادہ نشین صندل مبارک معتقدین کے حوالہ کریں گے جو مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے رات 10بجے کے قریب گیارہ سیڑھی پہنچے گا۔درگاہ شریف کی گیارہ سیڑھی پر ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی صندل شریف کا استقبال کریں گے۔رات ایک بجے 1بجکر 30 منٹ پر صندل مالی کے مراسم کی انجام دہی کا آغاز ہوگااور رود صندل کے بعد فاتحہ بائیس خواجگان چشت مراسم صندل مالی و دعائے سلامتی ہوگی اور بعد ازاں بند سماع منعقد ہوگا۔16ذیقعدہ 9اگسٹ بروز چہارشنبہ 11بجے دن سے سیمینار کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ 17ذیعقدہ 10اگسٹ کو خدمت چراغاں ‘ جلسہ قرأت و نعت منعقد ہوگا۔ 4بجے دن ختم قرآن مجید منعقد ہوگی۔ رات 10بجے محفل سماع منعقد ہوگی۔ 11بجے شب محفل قل صدر صوفہ دیوڑھی روضہ بزرگ میں منعقد ہوگی۔ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی کی زیر نگرانی تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور شہر گلبرگہ کے شہریوں میں بھی عرس کے آغاز کے سلسلہ میں انتہائی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔