شام میں اقوام متحدہ کی افواج کی روانگی ناگزیر ، مولانا پیر شبیر نقشبندی کا مسٹر بان کی مون کو ای میل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : عاشق رسول ﷺ حضرت اویس قرنیؓ اور حضرت عمار یاسرؓ کے روضہ مبارک پر نام نہاد مسلم القاعدہ نواز تنظیم داعش کے شرپسند عناصر کی جانب سے راکٹوں اور مزائیل کے حملوں سے شہید کرنے کے ناپاک واقعہ پر آج ہندوستان کے لاکھوں فدایان حضور محمد عربی ﷺ نے بعد نماز جمعہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا ۔ مولاناپیر سید شبیر نقشبندی افتخاری صدر کل ہند انجمن پیشوایان مذاہب نے کہا کہ وہ امت محمدی میں ہرگز نہیں ہوسکتا جو عاشقان سرکار مدینہ ﷺ کے روضوں پر حملہ آور ہو ۔ انہوں نے کہا کہ سچا محب رسولﷺ ایسے بدعقیدہ عناصر کو کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتا ۔ مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندوستان کے مسلمان سرحدی حدود میں محصور ہیں لیکن روحانی طور پر ان روضوں کے تحفظ و بقاء کے لیے وہ قربانی کا دلی جذبہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اسی اثناء سکریٹری جنرل اقوام متحدہ مسٹر بان کی مون کو موسومہ ایک ای میل پیام میں شام کے متاثرہ جنگی علاقوں میں اقوام متحدہ کی امن فوج کو روانہ کرنے کی اپیل کی ۔ قبل ازیں مولانا کے دفتر ایکتا بھون عقب وزیر اعظم آفس ساوتھ بلاک نئی دہلی کے سکریٹری نے یو این او سفارت خانہ لودھی روڈ نئی دہلی پر وہاں کے نمائندہ کو اس خصوص میں ایک نوٹ حوالے کیا ۔۔