حصول ملازمت کیلئے اپنے پیشہ میں مہارت پیدا کرنے کا مشورہ

دفتر سیاست میں معلوماتی لیکچر، سرکردہ آئی ٹی ماہرین کا خطاب
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) پروفیشنل کورسیس کی تکمیل کے بعد ملازمت کے حصول اور اس پیشہ کو اپناتے ہوئے اس میں کیرئیر بنانا ایسا ہے جیسا کہ چار سال کی پیشہ ورانہ تعلیم کے بعد 40 سال کی ملازمت کا کیرئیر۔ اس کے لئے کیا ضروریات ہیں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں، کارپوریٹ اداروں میں روزگار کیلئے اپنے آپ کو اہل بنانا ہوگا۔ اس کے لئے ادارہ سیاست اور دکن ریڈیو کے باہمی اشتراک سے ایک خصوصی سمینار اس اتوار کو ’’سوپر سنڈے‘‘ کے تحت محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس میں ہوا۔ اس میں پانچ ماہرین مسٹر علی الدین محمد آئی ٹی پراجکٹ منیجر ایم ایس (امریکہ)، مسٹر محمد مجاہد ظفر ایس اے پی پروفیشنل، مسٹر پرویز محمد آئی ٹی شعبہ کے دیرینہ تجربہ کار جناب سید حسان الدین انس کارپوریٹ ٹرینر، انجینئر محمد فیضان الدین الیکٹرانک پروفیشنل نے اپنے موضوعات پر نہایت معلوماتی لکچر دیا اور امیدواروں کو ملازمت کے حصول کے لئے درکار ضروریات کی رہنمائی کی۔ متلاشیان روزگار لڑکے لڑکیوں سے جہاں آئی ٹی سیکٹر میں ملازمت کے مواقع پر کلو ڈکمپوننگ، آن لائن، ایس اے پی میں اپنے ڈگری کا صحیح استعمال کس طرح کریں پر وضاحت کی، سافٹ اسکل ملازمت کے حصول کے اہلیت کے تمام اصول اور ٹیلی کمیونکیشن شعبہ میں روزگار کے مواقع پر توسیعی لکچر دیئے۔ ہر امیدوار کو ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ انجینئرنگ کی تکمیل کے بعد ملازمت کے حصول کیلئے کونسے جزوقتی کورسیس جو روزگار پر مبنی ہو ان کی رہنمائی کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ جناب محبوب حسین آزاد نے نگرانی کی اور مسز حنا انصاری نے معاونت کی۔ پروگرام کا آغاز ماسٹر عبید کی قرأت سے ہوا۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر پروگرام کوآرڈی نیٹر تھے۔ اس سمینار میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ ایم اے حمید نے مثبت سوچ کے پرچے مفت تقسیم کئے۔ محمد معید، طاہر قادری، تمیزالدین احمد موجود تھے۔ آخر میں محبوب حسین آزاد نے شکریہ ادا کیا۔