حیدرآباد ۔ 16 جنوری (پریس نوٹ) سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ضروری ہے اور بہتر رینک حاصل کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ سخت اور امتحان کی منصوبہ بند تیاری ضروری ہے۔ امیدواروں کو چاہئے کہ امتحان کے نصاب کو غور سے پڑھیں اور سوالات کی مضمون واری تقسیم کو ذہن میں رکھ کر تیاری کریں اور مکمل خوداعتمادی کے ساتھ امتحان میں شرکت کریں۔ نظام کالج حیدرآباد میں وی آر او ؍ وی آر اے امتحانات کے مفت کوچنگ کلاسس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز (CEDM)، عثمانیہ یونیورسٹی نے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ولیج ریونیو آفیسر اور ولیج ریونیو اسسٹنٹ کیلئے نصاب یعنی عنوانات ایک ہی ہیں لیکن معیار مختلف ہے۔ وی آر او کیلئے انٹرمیڈیٹ اور وی آر اے کیلئے دسویں جماعت کا معیار رکھا گیا ہے۔
پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ CEDM کی جانب سے نظام کالج حیدرآباد میں انگریزی اور اردو میڈیم میں کوچنگ دی جارہی ہے جبکہ کرنول، گنٹور، وشاکھاپٹنم پر تلگو میڈیم اقلیتی امیدواروں کو کوچنگ دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کریم نگر اور نظام آباد پر بھی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ وی آر او کیلئے جملہ جائیدادیں 1657 ہیں، جس میں عام زمرہ کی 631 اور بی سی ۔ ای کیلئے 74 جائیدادیں ہیں۔ اسی طرح وی آر اے کیلئے جملہ 4305 میں عام زمرہ کی 1463 اور BC-E کیلئے 98 جائیدادیں محفوظ ہیں اور تحریری امتحانات 2 فبروری کو منعقد ہوں گے۔ اقلیتی امیدواروں کو چاہئے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر شیخ چاند ساجد سینئر پروجکٹ آفیسر نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی طبقات خصوصاً مسلمانوں کا تناسب بہت کم ہے۔ اس صورتحال میں مثبت تبدیلی کیلئے اقلیتی امیدواروں کو چاہئے کہ خود کو دوسرے ابنائے وطن سے سے کمتر نہ سمجھیں۔ آخر میں کریم النساء پروجیکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا۔