جمشیدپور 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سکھدیو بھگت نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ 2011 ء میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت نے 514 بھولے بھالے دیہاتیوں کو یہ ترغیب دی تھی کہ اگر وہ اپنے آپ کو نکسلائٹس ظاہر کرتے ہوئے خودسپردگی اختیار کریں گے تو انھیں حکومت کی خودسپردگی و بازآبادکاری پالیسی کے تحت روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ پیشرو ہیمنت سورین کی زیرقیادت جے ایم ایم، کانگریس، آر جے ڈی حکومت نے اس واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے سفارش کی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان حصول روزگار کے لالچ میں حکومت کے جھانسہ میں آگئے اور اپنی زمین اور زیورات فروخت کرکے اعلیٰ عہدیداروں کو رشوت بھی پیش کی۔ حتیٰ کہ اپنے آپ کو نکسلائٹس ظاہر کرنے پر آمادہ ہوگئے لیکن ان نوجوانوں کو سرکاری پالیسی کا فائدہ ہوا اور نہ ہی روزگار حاصل ہوا اور تمام 514 دیہاتیوں کو رانچی کے کوبرا بٹالین کیمپ میں محروس کردیا گیا اور وہاں جانے کی کسی کو اجازت بھی نہیں دی جاتی۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے، جس کی سنجیدگی سے تحقیقات کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ محض عوام کی ستائش اور تعریف حاصل کرنے کیلئے بی جے پی زیرقیادت حکومت نے نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے۔
وزیر فینانس ارون جیٹلی کا دورۂ آذربائیجان
نئی دہلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی باکو میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے کل آذربائیجان کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ بورڈ آف گورنرس کے اجلاس کیلئے فینانس سکریٹری راجیو مصرا اور وزارت فینانس کے سینئر عہدیدار باکو پہنچ گئے ہیں۔ اے ڈی بی کا 48 واں سالانہ اجلاس آج سے باکو میں شروع ہوگیا ہے۔ جیٹلی 5 مئی کو واپس ہوجائیں گے۔