ڈان اسکول میں ایس ایس سی کامیاب طلبہ کی تقریب ، دولت خاں اور بشیرا بیگم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اس دنیا میں کسی بھی مقام پر پہنچنا اور کچھ بھی کرنا ناممکن نہیں ہے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنا چاہئے اور ان کے حصول کے لیے سچی لگن سے محنت کرنا چاہئے تاکہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں ۔ اپنے مقاصد حاصل کرسکیں اور ملک و قوم کا اثاثہ بن کر ایک بہتر دنیا کی تعمیر میں اپنا رول ادا کرسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار سابق کمانڈنٹ پولیس اکیڈیمی جناب دولت خاں اور چنچل گوڑہ ویمنس جیل کی سپرنٹنڈنٹ محترمہ بشیرا بیگم نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ایس ایس سی کامیاب طلبہ کی تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے ۔ پولیس عہدیداروں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ڈان اسکول میں ساتویں جماعت سے ہی آئی آئی ٹی اور سیول سرویس امتحانات کی تیاری کے لیے ایک فاونڈیشن کورس شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیوں اور غلط تاثرات کی نفی کی ۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ ایسے شعبے میں جن سے وابستہ ہو کر اعلی مقام اور قدر و منزلت حاصل کی جاسکتی ہے جناب دولت خاں اور محترمہ بشیرا بیگم نے طلبہ سے کہا کہ وہ ڈان اسکول میں فراہم کی جانے والی خصوصی تربیت اور آئی آئی ٹی و سیول سرویس اگزامنیشن فاونڈیشن کورس سے استفادہ کریں ۔ خاتون پولیس آفیسر نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ وہ اخبارات کے مطالعہ کو عادت بنائیں ، سرکاری تقررات میں کوئی جانب داری نہیں برتی جاتی اور با صلاحیت افراد کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ ڈاکٹر غلام عباس نے امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو یادگاری مومنٹو پیش کیے گئے ۔ اسکولی طلبہ نے دوران تعلیم قدم قدم پر رہنمائی کے لیے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈان اسکول کے ڈائرکٹر جناب فضل الرحمن خرم نے مہمانان خصوصی جناب دولت خاں اور محترمہ بشیرا بیگم کا شکریہ ادا کیا ۔۔