نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہاکہ صنعتی راہداری کے لئے حصول اراضی کا قانون منظور ہونے پر صنعتی شعبوں میں 30 ہزار بے زمین افراد کو روزگار کا موقع حاصل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ خاص طور پر غریبوں، دلتوں، قبائیلیوں، پسماندہ طبقات کا تذکرہ کرنا چاہتے ہیں جو بے زمین ہیں۔ حصول اراضی قانون جو حکومت پیش کرنے جارہی ہے تاکہ ایک صنعتی راہداری قائم کی جاسکے۔ اِس سے 30 کروڑ بے زمین افراد کو روزگار کا موقع حاصل ہوگا۔ 20 ہزار کروڑ روپئے مالیتی پردھان منتری مائیکرو یونٹس ڈیولپمنٹ ری فینانس ایجنسی کے افتتاح کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اِس سمت میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
اُنھوں نے مزید کہاکہ یہ ایک کوشش ہے کہ جن افراد کے پاس رقم موجود نہیں ہے، اُنھیں رقم فراہم کی جائے۔ تقریباً 5 کروڑ 77 لاکھ چھوٹے صنعتکاروں کو ملک بھر میں محکمہ جاتی قرض فراہم کیا جائے گا۔ جیٹلی نے کہاکہ ملک کی آبادی کا 20 فیصد اُن چھوٹی صنعتوں پر منحصر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجٹ کے اعلان کے بعد اندرون 5 ماہ یہ ادارہ قائم کیا جائے گا۔ مدرا بینک چھوٹے اداروں کے لئے مالیہ فراہم کرے گا اور مستقبل میں بھی یہ بینک ایک ترقیاتی بینک میں تبدیل ہوجائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت حفظان صحت اسکیموں کو جو غریب افراد کے لئے ہیں، جن دھن کی پہل کے تحت لانا چاہتی ہے۔ پردھان منتری جن دھن یوجنا وزیراعظم کا پسندیدہ مالی پروگرام ہے۔ این ڈی اے حکومت اِس کے تحت 14 کروڑ بینک کھاتے پہلے ہی کھول چکی ہے اور 14 ہزار کروڑ روپئے بطور ڈپازٹ جمع کئے جاچکے ہیں۔
اُنھوں نے کہاکہ اگلے دور میں اِس غریب طبقہ تک حفظان صحت کی اسکیم کیسے پہونچ سکے، اِس سمت میں کارروائی کی جارہی ہے اور حکومت کوشش کررہی ہے کہ غریب عوام کو حفظان صحت کی اسکیموں سے جن دھن پروگرام کے تحت فائدہ پہونچ سکے۔ چنانچہ اگلے مرحلہ میں حفظان صحت کی اسکیموں کو جن دھن اسکیم سے مربوط کرنے کی تجویز ہے۔ راست استفادہ منتقلی کی اسکیم کے تحت سبسیڈی کی رقم راست بینک کھاتوں میں جمع کروائی جارہی ہے۔ اِن صارفین کے لئے بھی جو پوری قیمت ادا کرکے خریداری کے وقت ایل پی جی سلینڈر حاصل کرتے ہیں، وزیراعظم کی جن دھن یوجنا کا آغاز گزشتہ سال اگسٹ میں ہوا تھا، بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر گھرانے کے کم از کم ایک بالغ شخص کے نام کھاتہ کھولا جائے۔
حکومت حصول اراضی قانون میں ترمیمات کی
مخالف نہیں : نتن گڈکری
نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اِس اُمید پر کہ اپوزیشن کی حصول اراضی قانون کے لئے تائید حاصل کرلی جائے گی اور اِسے منظور کرلیا ججائے گا، مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہاکہ حکومت مجوزہ قانون میں مزید تبدیلیوں کی مخالف نہیں ہے۔ وہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجوزہ تبدیلیاں اچھی اور نوعیت کے اعتبار سے ٹھوس ہونی چاہئیں۔ تازہ تبدیلیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم مجوزہ قانون میں 9 تبدیلیاں قبول کرچکے ہیں۔ لوک سبھا میں تبادلہ خیال کے بعد ہم نے ایسا کیا اور واضح طور پر ہم مزید نئی تبدیلیوں کے بھی مخالف نہیں ہیں۔ اِس سوال پر کہ راجیہ سبھا میں این ڈی اے حکومت کو درکار اکثریت حاصل نہیں ہے تو کیا حکومت حصول اراضی قانون منظور کرواسکے گی۔ گڈکری نے کہاکہ ایوان بالا میں تائید کی توقع ہے۔ وہ ارکان پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ اِس بل کی راجیہ سبھا میں بھی تائید کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیشہ مثبت انداز فکر رکھنا چاہئے۔ ہمیں بھی بل کی منظوری کا یقین ہے۔