ممبئی /27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی حلیف اور این ڈی اے کی رکن شیو سینا نے آج الزام عائد کیا کہ نیا حصول اراضی قانون کاشت کاروں کی زمین زبردستی حاصل کرنے کے مترادف ہے اور کہا کہ پارٹی تبدیلی کے نام پر کی جانے والی اس ناانصافی کی مخالفت جاری رکھے گی۔ صدر شیو سینا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہم پر اس قانون کی مخالفت کا مسلسل الزام عائد کیا جارہا ہے۔ شیوسینا ترقی کا راستہ روکنا نہیں چاہتی، لیکن اس بہانے سے کاشت کاروں کی زمین پر زبردستی قبضہ کی مخالفت جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ کاشت کاروں سے مل کر ان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے دل جیتنا ضروری ہے، تاکہ وہ بخوشی اپنی زمین حکومت کے حوالے کردیں۔ کاشت کاروں نے آپ کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے، ان سے نانصافی نہیں کی جاسکتی۔