حصول اراضی آرڈیننس کا دوبارہ اجراء ممکن ؟

نئی دہلی ؍ چندی گڑھ ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو سینئر وزراء نے آج حصول اراضی آرڈیننس کے 5 اپریل کو منسوخ ہوجانے کے بعد اس کے دوبارہ اجراء کے امکان کو مسترد نہیں کیا جبکہ اس سلسلہ میں تجسس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لوک سبھا میں حصول اراضی قانون منظور ہوچکا ہے لیکن راجیہ سبھا کی منظوری ہنوز باقی ہے۔ آرڈیننس کے دوبارہ اجراء کے بارے میں جو گذشتہ ڈسمبر میں پہلی بار جاری کیا گیا تھا، وزیر دیہی ترقیات بریندر سنگھ نے چندی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس دوبارہ جاری کیا جاسکتا ہے جبکہ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور این وینکیا نائیڈو نے دہلی میں ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ حکومت 5 اپریل کو اس آرڈیننس کے منسوخ ہوجانے کی اجازت دے گی۔ وہ بھی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مناسب وقت پر جو کارروائی ضروری ہوگی، کی جائے گی۔ دریں اثناء سرکاری ذرائع نے یاد دہانی کی کہ حکومت کی جانب سے آرڈیننس کا دوبارہ اجراء جبکہ لوک سبھا کا اجلاس جاری ہو لیکن راجیہ سبھا کا اجلاس ختم ہوچکا ہو اور مسودہ قانون منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں زیرالتواء ہو۔ آرڈیننس دوبارہ جاری کئے گئے ہیں جبکہ لوک سبھا کا اجلاس ختم ہوجائے۔