حصول اراضی آرڈیننس سے فوری دستبرداری کا مطالبہ

منگل کو اندرا پارک پر چلو حیدرآباد پروگرام، حقوق تحفظ اراضی کمیٹی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) حصول اراضی متاثرین کے حقوق کا تحفظ کرنے والی کمیٹی نے مذکورہ متاثرین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر 27 جنوری بروز منگل صبح 10 بجے دن اندرا پارک ’’چلو حیدرآباد‘‘ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر چیرمین تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈارام، اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی (ایم) مسٹر ٹی ویرابھدرم، اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی، ریاستی قائد نیو ڈیموکریسی سی پی آئی ایم ایل مسٹر کے گووردھن، ارکان پارلیمان مسرز آر آنند بھاسکر، ایم اے خان، سابق رکن پارلیمان کانگریس مسٹر پی پربھاکر، جرنلسٹ ایم لکشمیا بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کرکے مخاطب کریں گے۔ اس بات کا اعلان آج یہاں کمیٹی ارکان مسرز پی شنکر، کے گوردھن، شریمتی سجاتا، شریمتی اوشا سیتا لکشمی نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے قانون حصول اراضی سے متعلق ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جو اراضی مالکین بالخصوص کسانوں کیلئے کافی نقصاندہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ حصول اراضی سے متعلق آرڈیننس جاری کرتے ہوئے زرعی کاشت سے زیادہ صنعتوں کے قیام کو فوقیت دیتے ہوئے خانگی سرمایہ داروں کو نفع پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جاری کئے گئے آرڈیننس سے دستبرداری کا اعلان کرے تاکہ اراضی مالکین کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکے بصورت دیگر ان کی کمیٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر کمیٹی ارکان مسرز چندرا ریڈی، بی کونڈل بھی موجود تھے۔