نئی دہلی ۔ 18 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حصول اراضیات میں تاخیر کی وجہ سے تقریباً 60,000 کروڑ روپئے مالیاتی پراجکٹس لیت و لعل کا شکار ہیں، ایسے میں وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے ریاستوں سے مشاورت کے بعد حصول اراضیات قانون میں ترمیم کا اشارہ دیا ہے ۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حصول اراضیات قانون کے بارے میں ریاستوں سے تبادلۂ خیال کیا گیا اور وہ ان کی تجاویز کو وزیراعظم سے رجوع کریں گے جس کے بعد موزوں فیصلہ کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ اندرون 20 یوم یعنی پارلیمنٹ سیشن شروع ہونے سے قبل ہم قطعی نتیجہ پر پہونچ جائیں گے کیونکہ یہ مسئلہ ملک کے مستقبل میں ترقی سے متعلق ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ تقریباً 60ہزار کروڑ روپئے کے روڈ نیٹ ورک پراجکٹ اس وقت تعطل کا شکار ہیں ۔ سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ میں کئی تنازعات زیردوران ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اندرون ایک ماہ متوازن و قابل قبول حل تلاش کیا جائے ۔