حصول اراضیات بل کے خلاف سی پی آئی کا ملک گیر احتجاج

نئی دہلی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت کے تحویل اراضی بل کو کسان دشمن قرار دیتے وئے سی پی آئی نے آج بتایا کہ اس قانون کے خلاف ملک بھر میں 14 مئی کو احتجاجی مظاہرہ کئے جائیں گے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ دہلی میں یہ احتجاج پارلیمنٹ کے قریب جنترمنتر پر ہوگا، جس میں سی پی آئی کے سینئر قائدین شریک ہوں گے اور یہ توقع ہیکہ کیرالا، تلنگانہ، ٹاملناڈو اور مغربی بنگال، مہاراشٹرا میں یہ احتجاج زبردست کامیاب رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ غلط فہمی پھیلائی جارہی ہیکہ سی پی آئی صنعتوں کے خلاف ہے بلکہ ہمارا مقصد کسانوں کے ساتھ انصاف ہے۔ اگر مذکورہ قانون نافذ ہوگیا تو کسانوں سے زبردستی اراضیات حاصل کرلی جائے گی جس کے باعث زرعی شعبہ مزید بحران کا شکار ہوجائے گا۔ بہار کے اسمبلی انتخابات میں تحویل اراضی بل کا مسئلہ چھائے رہنے کی توقع ہے۔