کولکتہ ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ترنمول کانگریس کی سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ ان کی پارٹی نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے پیش کردہ تحویل اراضی بل کی تائید نہیں کرے گی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حصول اراضیات بل کی تائید ہرگز نہیں کریں گے اور ہم نے پارلیمنٹ میں پارٹی کا موقف واضح کردیا ہے اور میں نے خود زبردستی اراصیات چھین لینے کے خلاف 26 دن تک بھوک ہڑتال کی تھی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ زبردستی اراضیات حاصل کرنے کے خلاف ہماری تحریک کا نتیجہ تھا کہ جابرانہ قانون حصول اراضیات ایکٹ 1894 کو منسوخ کردیا گیا جب کہ ٹی ایم سی نے نندی گرام اور سنگنور میں کسانوں کے ساتھ طویل احتجاجی تحریک چلائی تھی ۔