دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں کی مرمت ، درستگی و توسیع ، جی ایچ ایم سی کی توجہ
حیدرآباد۔3ستمبر(سیاست نیوز) حسینی علم سے چندولعل بارہ دری سڑک کی توسیع کے کاموں میں تیزی لائے جارہی ہے تاکہ آئندہ تین ماہ کے دوران سڑک کی توسیع کے عمل کو مکمل کرلیا جائے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شاہ علی بنڈہ تا چندولعل بارہ دری سڑک براہ ہمت پورہ ‘ فتح دروازہ پر سڑک کی توسیع کا کام جاری ہے اور اس کے ساتھ حسینی علم تا چندولعل بارہ دری براہ دودھ باؤلی سڑک کی توسیع کا کام بھی شروع کیا گیا تھا ۔ ان دونوں اہم سڑکوں کے توسیعی کاموں کو جی ایچ ایم سی نے اندرون تین ماہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پرانے شہر کی ان اہم اور مصروف ترین سڑکوں پر توسیع کے لئے انہدامی کاروائی کے ساتھ ہی محکمہ برقی کے عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے سڑک پر موجود برقی کھمبوں کو ہٹانے کے بھی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہاہے ۔ ان دو اہم سڑکوں کی توسیع کے دوران جو جائیدادیں متاثر ہو رہی ہیں ان میں بیشتر جائیداد مالکین نے اپنی جائیدادوں کی حوالگی کے لئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے اور ان کی رضامندی کے فوری بعد جی ایچ ایم سی عملہ نے کاروائی کرتے ہوئے جائیدادوں کے حصول کی کاروائی کردی ہے لیکن اس کے باوجود بھی بعض جائیدادوں کے مالکین کی جانب سے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے حکم التواء حاصل کیا گیا ہے لیکن جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا کہناہے کہ عدالت میں جاری مقدمات میں فریقین کے مابین مذاکرات کی گنجائش موجود ہے اسی لئے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عدالت سے رجوع ہونے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرلیا جائے تاکہ سڑک کی توسیع کا عمل تیز کیا جاسکے۔مقامی عوام کا کہناہے کہ اگر مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی اور سڑک کی توسیع کا عمل مکمل کرلیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں عوام کو سہولت ہوگی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ جن جائیدادوں کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ان کے فوری اور تیز رفتار انہدام کو یقینی بنانے کے علاوہ سڑک کی تعمیر کی بھی تخمینہ اندازی کا کام شروع کیا جائے تاکہ سڑک کی توسیع کا عمل مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سڑک کی تعمیر بھی ہوجائے اور عوام کو سہولت حاصل ہوسکے۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بھی جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو اس بات کا تیقن دیا ہے کہ سڑک کی توسیع کے ساتھ ہی برقی کھمبوں کو سڑک سے ہٹانے کے کام انجام دیئے جائیں گے اورجی ایچ ایم سی کی جانب سے بی ایس این ایل کو بھی ٹیلی فون کے کھمبوں کو منتقل کرنے کی درخواست روانہ کی جا چکی ہے۔