تہران ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران کیس اتھ چھ عالمی طاقتوں کے مابین گزشتہ ماہ تاریخی سمجھوتہ کے بعد اٹلی کے وزیر خارجہ نے آج تہران کا دورہ کیا اور اس اسلامی جمہوریہ کے صدر حسن روحانی کو اٹلی کے سرکاری دورہ کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ پاؤلو جنٹیلونی نے وزیراعظم مائیورینزی کی طرف سے صدر روحانی کو سرکاری دورہ کی دعوت دی جس نے ایک ہفتہ قبل فرانس نے بھی ایران کے اعتدال پسند صدر کو سرکاری دورہ پر مدعو کیا تھا ۔ صدر روحانی نے ٹوئیٹر پر یہ خبر دیتے ہوئے کہا کہ ’’قدیم تہذیب و تمدن کے حامل ملک اٹلی کے مناسب وقت پردورہ کی امید کرتا ہوں‘‘۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ 14 جولائی کو ایران کے سمجھوتہ کے بعد دنیا بھر کے کئی سینئر سفارتکار تہران کے دورے کر رہے ہیں۔ اطالوی وزیر خارجہ جنٹیلونی نے گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی تھی۔