تہران ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے آج اپنی نئی کابینہ کا اشارہ دیتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ بعض سیاسی گوشوں کی جانب سے تنقید کے باوجود کابینہ میں کسی بھی خاتون کو شامل نہیں کیا۔ اس طرح اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ حسن روحانی کی حکومت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور یہی توقع کی جارہی ہے کہ حکومت ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے بیرونی سرمایہ کاری اور ٹکنوکریٹک موقف اختیار کرے گی۔ البتہ دو دہوں کے دوران پہلی بار ملک کے وزیردفاع میجر جنرل حسین دہقان کی جگہ ان کے نائب جنرل عامر حاتمی کو دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ البتہ مشہور و معروف وزیرخارجہ محمد جاوید ظریف اپنے قلمدان پر برقرار ہیں۔ کابینہ کے تمام 18 ارکان کو آئندہ ہفتہ تک پارلیمنٹ کی منظوری حاصل کرنی ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے ریکارڈ قائم کر دیا
واشنگٹن ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے بعد سے اب تک صرف ایک دفعہ بات چیت کی غرض سے پریس کے ساتھ اجلاس کیا ہے۔سی این این کی خبر کے مطابق صدر ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ صدارت سنبھالا اور اس وقت سے لے کر اب تک گزرنے والے 200 دنوں میں صرف ایک دفعہ 16 فروری کو صحبت کی غرض سے پریس کانفرنس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔اس ریکارڈ کے مطابق ٹرمپ امریکہ میں 1953 سے لے کر اب تک عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد 200 دنوں میں کم ترین پریس کانفرنس کرنے والے صدر بن گئے ہیں۔ان سے قبل کے صدر باراک اوباما نے اسی دورانیے میں 9، لائنڈن جانسن نے 19 اور جارج ایچ ڈبلیو بْش نے 18 دفعہ پریس کے سوالات کے جواب دینے کے لئے کانفرنسوں کا انعقاد کیا تھا۔
دوسری طرف عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے صدر ٹرمپ ایک پرائیویٹ سیکرٹری، ایک نائب پرائیویٹ سیکرٹری ، 3 کمیونیکیشن ڈائریکٹروں اور ایک پریس ترجمان کو تبدیل کر چکے ہیں