تہران۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی نے چہارشنبہ کے روز تہران میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور کے مطابق ملاقات میں شامی تنازعہ میں روس اور ایران کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ خطے میں امریکہ کی ایران مخالف پالیسیوں کے موضوع پر بھی بات چیت کی جائیگی۔ ابراہیم نے کہا کہ امریکی بیان بازی پر کوئی بھی توجہ نہیں دے رہا۔ حسن روحانی روسی صدر پوٹن کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے بھی ملیں گے۔ اس ملاقات میں مرکزی موضوع سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون ہوگا۔
عراق کے لیے عالمی بینک کی
اضافی امداد
نیویارک۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عالمی بینک نے عراق کے لیے 400 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق یہ رقم ان علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ہے، جو ’دولت اسلامیہ‘ سے خالی کرائے گئے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس رقم سے پانچ شعبوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان شعبوں میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب، بجلی، صحت، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی نظام شامل ہیں۔ ساتھ ہی یہ امداد ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحالی پر بھی خرچ کی جائے گی۔ عراق میں داعش کے خلاف تین سالہ عسکری کارروائیوں کے دوران بہت سے تاریخی مقامات بری طرح تباہ ہوچکے ہیں۔