حزب المجاہدین کی ٹولی بے نقاب، 3 افراد گرفتار

سری نگر۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے حزب المجاہدین کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا جو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نوجوانوں کو عسکریت پسندی اختیار کرنے کیلئے لالچ دے رہے تھے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ میر امتیاز حسین نے کہا کہ خصوصی ذرائع سے اطلاعات ملنے پر بارہمولہ پولیس نے 29 راشٹریہ رائفلس اور سی آر پی ایف کی اعانت سے بہرام پورہ تیلگام کراسنگ پر مشترکہ جال بچھایا اور تینوں مشتبہ ملزمین کو پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شناخت وسیم احمد میر ساکن اندرگام پتن، عمر حسن راتھر اور عاکف حسین راتھر دونوں ساکنان اچابل سوپور کی حیثیت سے کی گئی۔ امتیاز حسین نے کہا کہ سیکورٹی فورسیس نے ان کے قبضہ سے 2 چینی پستولوں کے ساتھ گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ ان سے مسلسل پوچھ تاچھ پر تینوں نے اعتراف کیا کہ وہ عسکریت تنظیم حزب المجاہدین کیلئے کام کرتے ہیں اور کم عمر لڑکوں کو عسکریت پسندی کی طرف راغب کررہے تھے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ یہ تینوں افراد شمالی کشمیر میں طویل عرصہ سے دہشت گردوں کے معاون اور مخبر کے طور پر کام کررہے تھے اور انہوں نے کم عمر لڑکوں کو عسکریت پسندی میں دھکیلنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس نیٹ ورک کی قیادت حزب المجاہدین کمانڈر پرویز وانی عرف مبشر کررہا ہے جو پڑوسی ضلع کپواڑہ کے ھندواڑہ علاقہ میں گلورہ کا ساکن ہے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ان عسکریت پسندوںکا نیٹ ورک نہ صرف کم عمر لڑکوں کو عسکریت پسندکی طرف راغب کرتا ہے بلکہ پتن اور سوپور علاقوں میں انتہا پسندوں کی ہر طرح مدد بھی کرتا ہے۔