نئی دہلی 11 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی تحقیقاتی ایجنسی نے اترپردیش میں 2018 میں دہشت گرد حملے کرنے حزب المجاہدین کی سازش کے سلسلہ میں ایک چارچ شیٹ عدالت میں پیش کی ۔ ایجنسی نے یہ بات بتائی ۔ اپنی چارچ شیٹ میں ‘ جو لکھنو میں ایک خصوصی عدالت میں پیش کی گئی ہے ‘ ایجنسی نے آسام کے قمرالزماں اور مفرور ملزم اسامہ بن جاوید ( جموں و کشمیر ) کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کئے ہیں۔ یو پی پولیس نے 12 ستمبر 2018 کو قمر الزماں کے خلاف سازش رچنے کا مقدمہ درج کیا تھا اور یہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ اور دوسرا ملزم ریاست میں دہشت گردانہ حملے کرنے کی سازش رچ رہے ہیں۔ بعد ازاں یہ مقدمہ این آئی اے کے سپرد کردیا گیا تھا ۔ این آئی اے ترجمان کے بموجب تحقیقات میں یہ پتہ چلا کہ قمر الزماں اور جاوید نے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی تھی ۔