سری نگر 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھریو اونتی پورہ میں جمعرات کی علی الصبح ہونے والے مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘اونتی پورہ انکوانٹر اپڈیٹ۔ مارے گئے دو جنگجوؤں کی شناخت کالعدم تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ادنان لون اور عادل بٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ‘۔ریاستی پولیس کے مطابق مارے گئے جنگجوؤں میں سے ادنان لون حزب المجاہدین کا ضلع کمانڈر پلوامہ تھا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ‘کھریو تصادم میں مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت ادنان احمد لون عرف عقاب ولد غلام محمد لون ساکنہ براؤبانڈینہ اونتی پورہ اور عادل بلال بٹ عرف عمیر الحذبی ولد بشیر احمد بٹ ساکنہ ملنگ پورہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ دونوں کالعدم تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ تھے ۔ پولیس ریکارڈس کے مطابق ادنان لون حزب المجاہدین کا ضلع کمانڈر پلوامہ تھا۔