نئی دہلی ۔ 28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی ( این آئی اے ) نے حزب المجاہدین کا ایک مفرور دہشت گرد ناصر صفی میر کے مقدمہ کو دہلی پولیس سے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ اس پر حریت قائدین کو فنڈ فراہم کرنے کا الزام تھا اور سمجھا جاتا ہے ہے کہ ضمانت پر رہائی کے بعد لک سے فرار ہوگیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ این آئی اے نے حال ہی میں یہ مقدمہ دوبارہ رجسٹر کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ این آئی اے اس بات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کرے گی کہ ناصر صفی میر عرف بابل آیا کس طرح اپنا پاسپورٹ حاصل کیا تھا جو یورپ روانگی کیلئے اکٹوبر 2008ء میں اس نے نیپال میں استعمال کیا تھا ۔ صفی میر جو شمالی کوریا کا ساکن ہے ‘ قالین کا کاروبار کیا کرتا تھا بعد ازاں اس نے دبئی میں صرافہ کا کاروبار شروع کیا تھا ۔ اس پر کشمیری علحدگی پسند قائدین کو فنڈس فراہم کرنے کا الزام ہے ۔ دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے 3فبروری2006ء کو لاجپت نگر پر اس کو گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 55لاکھ روپئے نقد اور دھماکو اشیاء ضبط کیا تھا ۔ تحقیقات کندنگان سمجھتے ہیں کہ 48سالہ میر دبئی میں مقیم ہے ‘ قالین کے شوروم کا مالک ہے ۔