حزب اللہ کے مالیات ذرائع کے بارے میں معلومات دینے پرایک کروڑ ڈالر امریکی انعام

واشنگٹن ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مالیاتی امور میں رخنہ اندازی میں مدد فراہم کرنے اور تنظیم کے مالیاتی نیٹ ورک کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ حزب اللہ کے مالی معاونت کاروں کے نام، ان کے بنکوں کا ریکارڈ، کسٹم حکام سے رابطوں اور ان کی جائیدادوں کے لین دین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو دس ملین یا ایک کروڑ ڈالر انعام دیا جائے گا۔خیال رہے کہ امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے ‘منصفانہ انعامات’ کے عنوان سے ایک پروگرام متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کو بھاری رقوم کی فراہمی کی جاتی ہے۔ اس سے قبل اس پروگرام کے تحت انتہائی خطرناک اور اشتہاری قرار دیے گئے دہشت گردوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر انعام مقرر کیاجاتا تھا۔