حزب اللہ پر ایران کے منصوبے سے چشم پوشی کا الزام

بیروت ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لبنان کے سابق وزیراعظم فواد السنیورہ نے باور کرایا ہیکہ حزب اللہ کی جانب سے یہ الزام سراسر بے بنیاد ہیکہ سعد حریری نے ’سعودی عرب کے دباؤ کے سبب‘ مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔الحدث نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں السنیورہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا مذکورہ الزام استعفے کی اْن حقیقی وجوہات سے نظریں ہٹانے کی ایک کوشش ہے جن کا تعلق حزب اللہ کی عرب ممالک میں مداخلت اور خطہ کے امن کو تباہ کرنے سے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حریری کا یہ اقدام وزارت عظمی کے 11 ماہ کے عرصے میں حزب اللہ کیساتھ مشکلات کے بعد سامنے آیا ہے۔ السنیورہ نے کہا کہ حکومتی عمل کو معطل کرنے کی واحد ذمہ دار حزب اللہ ہے۔السنیورہ کے مطابق حریری نے مستعفی ہو کر ایک بھرپور پیغام دیا ہے۔ یہ بصیرت اور توازن کی واپسی کیلئے ایک مضبوط پیغام ہے۔ السنیورہ کا کہنا تھا کہ ایران نے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پر کام جاری رکھا ، ایرانی کارستانیاں اعلانیہ خطرہ بن چکی ہیں۔