سرینگر۔/17جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سخت گیر حریت کانفرنس جس کی قیادت سید علی شاہ گیلانی کرتے ہیں، کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی حملوں و فلسطینیوں کی ہلاکت اور حال ہی میں ایک فوجی گاڑی سے ٹکر کی صورت میں سات افراد کی ہلاکت پر اظہار سوگ کیلئے ریاست بند کے اعلان سے عام زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی۔ دوکانات، تجارتی ادارے اور پٹرول پمپس بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکس میں لوگوں کی قلیل تعداد نظر آئی۔ پولیس نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑک سے غائب تھا جبکہ خانگی کاریں، ٹیکسیاں اور آٹو رکشاء چلائے جارہے تھے۔ دوسری طرف گرما کی تعطیلات کی وجہ سے وادی میں اسکولس اور کالجس کو پہلے سے ہی تعطیلات ہیں۔ مسٹر گیلانی نے کہا کہ مسلح افواج ٹریفک ضوابط پر عمل آوری نہیں کرتی جس کا نتیجہ بھیانک حادثات اور ہلاکتوں کی شکل میں سامنے آتا ہے جس کا سدباب کئے جانے کی ضرورت ہے۔