نئی دہلی ، 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ حکومت حریت کانفرنس قیادت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے بشرطیکہ علحدگی پسند عناصر بات چیت کیلئے آگے آئیں۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ابھی تک حریت کی طرف سے کوئی اشارہ نہیں ملا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ امن بات چیت کیلئے تیار ہے۔ دریں اثناء چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج مرکزی وزیر راجناتھ کے بیان کا خیرمقدم کیا کہ مرکز وادی میں علحدگی پسندوں کے ساتھ بات چیت منعقد کرنے کیلئے تیار ہے، اور امید ظاہر کی کہ علحدگی پسند عناصر سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں گے تاکہ یہ موقع ضائع نہ ہونے پائے۔