حرم شریف کی بالائی منزل سے چھلانگ لگاکر خود کشی

مہلوک کی فرانسیسی شہری کی حیثیت سے شناخت ، سعودی تحقیقاتی ایجنسی کی جانچ جاری
مکہ مکرمہ9جون (سیاست ڈاٹ کام)مکہ مکرمہ میں موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شب ایک غیر ملکی نے مسجد حرام کی ایک منزل سے نیچے کود کر خودکشی کرلی۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’واس‘‘نے مکہ ریجن پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ کی شب تراویح کے وقت حکام کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم غیر ملکی شخص مسجد الحرام کی بالائی منزل سے مطاف کے صحن میں کود گیا۔ زمین پر گرتے ہی اس کی وفات ہو گئی۔متوفی کا جسد خاکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت اور بالائی منزل سے کودنے کے اسباب جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام اس بات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ متوفی نے بالائی منزل پر آہنی جنگلہ ہونے کے باوجود کیونکر چھلانگ لگائی۔اسی دوران سعودی عرب اور فرانس کے عہدیداروں نے بتایا کہ حرم شریف کی چھت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے والا فرانسیسی شہری تھا ۔ اس نے اسلام قبول کیا تھا ۔ فرانس کی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے پیرس میں بتایا کہ یہ شخص فرانسی شہری تھا انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائے ۔ فرانسیسی معتمر 18 رمضان المبارک کو مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایرپورٹ پہونچا تھا ۔ وہاں ایک یوم قیام کے بعد وہ مکہ مکرمہ روانہ ہوا ۔ یہاں اس کا قیام عزیزیہ کی ایک ہوٹل میں تھا ۔ 5 دن بعد اس کی واپسی مقرر تھی ۔ اس کی عمر 26 سال بتائی گئی ۔ پاسپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے اسے 22 مئی 2018 کو عمرہ کا ویزا جاری کیا تھا ۔ اس کا نام عزیزوف بوطابا بتایا گیا ہے ۔ سعودی سیکوریٹی عہدیداروں نے اس کی نعش کنگ فیصل ہاسپٹل کے دواخانے میں رکھا ہے ۔ تحقیقاتی ادارے اس واقعہ کی جانچ کررہے ہیں ۔ حرم شریف میں موجود ہلال احمر کی ٹیموں نے اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ برسر موقع فوت ہوگیا تھا ۔۔