مسجد نبویؐ میں بھی عاشقان رسول کا زبردست ہجوم، 12 رمضان کو کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا
مکہ معظمہ ۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کعبتہ اللہ میں رمضان المبارک کے موقع پر لاکھوں روزہ داروں کا اجتماع اور جمعہ کی نماز کے موقع پر روح پرور مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔ آج حرم شریف میں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔ مسجد نبویؐ میں بھی لاکھوں عاشقان رسول نے نماز جمعہ خشوع و خضوع سے ادا کی۔ رمضان کا پہلا عشرہ قریب الختم ہے۔ ہر سال رمضان کے مبارک موقع پر اقطاع عالم سے لاکھ معتمرین حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں عبادتوں، ذکر و اذکار کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ ماہر فلکیات انجینئر ماجد ایوز اہری نے کہا ہیکہ اس سال 12 رمضان بروز پیر کو سورج عین کعبہ کے متوازی آجائے گا جس سے کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا۔ ماہر فلکیات کے حوالے سے مزید کہا ہیکہ 28 مئی کو دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر سورج عین کعبہ شریف کے اوپر ہوگا۔ یہ منظر امسال کا پہلا منظر ہوگا جس سے بغیر کسی قطب نما کے کعبہ کی سمت باآسانی معلوم کی جاسکتی ہے۔ زمانہ قدیم میں اس طریقہ کو استعمال کرتے ہوئے لوگ قبلہ یعنی کعبہ کی سمت کا تعین کیا کرتے تھے۔