مکہ معظمہ ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقطاع عالم سے آنے والے لاکھوں عازمین حج نے آج حرم شریف میں نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ سفیداحرام میں ملبوس عازمین نے طواف و نماز جمعہ کے لئے حرم شریف میں توسیع شدہ حصہ سے استفادہ کیا جس سے حرم شریف کے اندر مزید عازمین کی گنجائش پیدا ہوگئی۔ حکومت سعودی عرب کے وسیع تر انتظامات اور سیکوریٹی کے اہم اقدامات کے درمیان مناسک حج کی تکمیل عمل میں آئے گی۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے حرم شریف کے نو توسیع شدہ علاقوں کی کشادگی کا حکم دیا ہے۔ شاہی فرمان کے مطابق عازمین حج اب حرم شریف کے اندر اور شمالی، مغربی، جنوبی و مشرقی حصوں میں عبادات و طواف کا اہتمام کرسکتے ہیں۔ شاہ عبداللہ حرم شریف توسیع پراجکٹ کا 67 فیصد کام پورا ہوگیا ہے۔
شاہ عبداللہ نے عہدیدار کو ہدایت دی ہیکہ وہ مطاف کے توسیع شدہ حصہ کو کھول دیں۔ حرمین شریفین کی پریسیڈنس سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے حرم شریف کے توسیع شدہ حصہ کی کشادگی کیلئے شاہ عبداللہ کے حکم پر اظہارتشکر کیا اور کہا کہ اس سے حرم شریف میں ہجوم کم ہوجائے گا اور عازمین کو اسانی سے مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ پراجکٹ سے حرم شریف میں 2 ملین عازمین کی گنجائش پیدا ہوگی جبکہ مطاف کے علاقہ میں 52000 سے بڑھ کر روزانہ 1,30,000 عازمین کو عبادت کا موقع ملے گا۔ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اس پراجکٹ کو اعلیٰ مہارات کے برقی، میکانیکل، سیکوریٹی اور ایرکنڈیشنڈ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس پراجکٹ میں معذور عازمین کیلئے مطاف کے قریب ایک خصوصی منزل تعمیر کی گئی ہے۔