جدہ ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مکۃ المکرمہ میں حالیہ منعقدہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی قرآن مجید مسابقہ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا اور حیرت انگیز طور پر نائجیریا و بنگلہ دیش کے باشندوں نے انعام اول و دوم حاصل کیا ۔ جدہ میں واقع انٹرنیشنل قرآن میمورائیزیشن آرگنائزیشن (آئی کیو ایم او) کے سکریٹری جنرل عبداللہ بصفر نے بتایا کہ یہ قرآن خوانی مقابلے تمام بین الاقوامی مقابلوں میں اول نمبر پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 20 عرب اور مسلم ممالک میں بھی اس طرح کے مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں جو حوصلہ افزاء بات ہے ۔ تقریباً 35 سال قبل شاہ عبدالعزیز مقابلہ کا آغاز ہوا اور دنیا بھر سے 6 ہزار سے زائد طلبہ نے اس میں حصہ لیا ۔ ان میں امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس اور امام و خطیب مسجد نبویؐ علی التبیتی شامل ہیں ۔ انہوں نے آج ان مقابلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 61 ممالک سے 150 امیدوار مقابلہ میں شریک ہوئے ۔ وزیر اسلامی امور صالح الشیخ نے کامیاب امیدواروں میں انعامات تقسیم کئے ۔ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے کبیر ابوبکر موسیٰ کو پہلے زمرے میں انعام اول (1 لاکھ سعودی ریال) حاصل ہوا ۔ جبکہ محمد نجم عبدالکلام آزادکو جن کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے دوسرے زمرے میں پہلا انعام (80 ہزار سعودی ریال) حاصل ہوا۔ تیسرے زمرے میں عبدالکریم ابوبکر (60 ہزار سعودی ریال) ‘ امین محمد آفتاب عالم (30 ہزار سعودی ریال) جن کا تعلق سعودی عرب سے ہے اور خالد محمد جوبی کو جن کا تعلق ماریشیس سے ہے (25 ہزار سعودی ریال) انعام حاصل ہوا ۔