حرمین شریفین میں ختم قرآن ، 30 لاکھ مصلیوں کی شرکت

خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں روح پرور مناظر ، شیخ عبدالرحمن السدیس کی رقت انگيز دعائیں

ریاض ۔ /24 جون (سیاست ڈاٹ کام) رمضان المبارک کی آخری شب مکہ معظمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبویؐ میں تین ملین مصلیوں نے کلام مسجد کی سماعت مکمل کی ۔ خانہ کعبہ کی مسجد کے امام شیخ عبدالرحمن السدیس نے دو ملین مصلیوں کی امامت کی ۔ بعد ازاں انہوں نے انتہائی رقت انگيز دعاء کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمائے اور انہیں عذاب جہنم سے بچائے ۔ تمام مسلم ممالک کو آفات اور برائیوں سے محفوظ رکھے ۔ مدینہ منورہ کی مسجد نبویؐ میں ایک ملین سے زائد مصلیان نے نماز عشاء ادا کی ۔ خانہ کعبہ کے قریب گزشتہ روز کے واقعہ کے بعد حرمین شریفین اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں سخت ترین سکیورٹی بندوبست کیا گیا تھا ۔ دونوں مساجد میں مصلیوں کی سہولت کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے تھے ۔ محکمہ شہری دفاع نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے خصوصی منصوبہ مرتب کیا تھا ۔ جس کے مطابق مسجد الحرام کے اطراف 70 مقامات پر سکیورٹی فورسیس تعینات کئے گئے تھے اور ہنگامی طبی امداد رسانی کے لئے 50 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی ہاسپٹل قائم کیا گیا تھا ۔ ٹریفک کی آمد و رفت کو موثر بنانے کیلئے معتمرین کی خصوصی طور پر رہنمائی کی گئی تھی ۔