حرمین ایکسپریس کا افتتاح ،خادم الحرمین الشریفین کی مدینہ منورہ آمد

جدہ ۔26 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز گذشتہ روز ’حرمین ایکسپریس‘ کے افتتاح کے بعد اسی ٹرین سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجد نبوی اور روضہ رسولؐ پر بھی حاضری دی۔حرمین ایکسپریس کی رفتار 300 کیلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو اپنے سفر کے دوران 452 کیلومیٹر کا سفر طئے کرتے ہوئے پانچ اسٹیشنوں کااحاطہ کرے گی ۔ مکہ ، جدہ ، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ ، ربیغ اور مدینہ ۔’العربیہ‘ کے مطابق مدینہ منورہ کے دورے کے دوران گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے جب کہ حرمین شریفین کے انتظامی امور کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، مسجد نبوی کے آئمہ اور موذنین، مسجد نبوی کے سکیورٹی انچارج میجر جنرل عبدالرحمان المشحن اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔خادم الحرمین الشریفین نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام پر دردو وسلام بھی بھیجا۔