دبئی ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے تحت مسجد حرام کی انتظامیہ نے عمر رسیدہ، مریض اور معذور معتمرین اور حجاج کیلئے مفت سواریوں کی سہولت مہیّا کی ہے۔ اس کا مقصد مذکورہ افراد کیلئے آسانی اور سہولت کے ساتھ ان کے مناسک کی ادائیگی کو ممکن بنانا ہے۔ مسجد حرام میں ٹرانسپورٹ سروس ڈائریکٹر صالح محمد علی ہوساوی نے خبر رساں ایجنسی SPA کو بتایا کہ انتظامیہ نے 3000 سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو بھرتی کر کے انہیں شفٹوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں بھیڑ کو منظم کرنے والے سکیورٹی حکام کے ساتھ رابطہ کے ذریعے توازن قائم کیا گیا تا کہ مسجد کے اندر اور باہر یہ سواریاں کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہ بنیں۔ پہلی منزل کے میزانائن فلور کو برقی سواریوں کے ذریعے طواف اور سعی کیلئے مختص کیا گیا ہے جہاں ان سواریوں کی تعداد 700 ہے۔ فری وہیکل سروس کے تحت سواریوں کی مجموعی تعداد 8700 ہے جن کیلئے کچھ پوائٹس بنائے گئے ۔ یہ پوائنٹس مسجد حرام آنے والے تمام محوروں کا احاطہ کرتے ہیں۔ صلاح کے مطابق حرم شریف کی ٹرانسپورٹ سروس انتظامیہ نے سروس و روٹس کے مقامات پر کاؤنٹرز بنائے ہیں تا کہ وہیکل سروس کے خواہش مند بیت اللہ کے زائرین کے استفسارات کا جواب دیا جاسکے۔ سروس کے اسٹینڈز کے ساتھ QR کوڈ فراہم کیا ہے جس کو اسکین کر کے سروس کا روٹ اور متعلقہ نقشے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ رواں سال پہلی مرتبہ شٹل ٹرانسپورٹ سروس شروع کی گئی ہے۔ اس کے تحت عمر رسیدہ افراد اور مریضوں کو الشبیکہ کے علاقے سے شاہ فہد توسیع کے علاقے اور میزانائن فلور تک پہنچانے کی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔