حج 2019 کیلئے 3105 درخواستیں داخل،17 نومبر آخری تاریخ،اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) حج 2019 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو آج شام تک 3105 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں 70سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 99 اورعام زمرہ کے تحت 3006 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسیپشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آج ایک دن میں 139 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 17 نومبر مقرر ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حج ہاوز کے احاطہ میں 10 خصوصی کاؤنٹرس کے ذریعہ مفت آن لائن خانہ پری کی سہولت فراہم کی ہے۔ یہ سہولت تمام ایام کار میں صبح 10:30 تا شام 5 بجے تک دستیاب رہے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آن لائن درخواست داخل کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک فارم میں 5 افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش ہے جبکہ 2 شیر خوار بھی اس کور میں شامل ہوسکتے ہیں۔ درخواست گذار حج ہاوز کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی، اگر موجودہ پاسپورٹ میں درج پتہ سے الگ ہو تو اڈریس پروف، ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی فوٹو کاپی، پراسیسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو کے ساتھ نامینی کی تفصیلات پیش کریں۔ 70 سال سے زائد عمر کے افراد کو اوریجنل پاسپورٹ پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے افراد جنہوں نے گھر سے یا پھر حج ہاوز کے باہر آن لائن درخواست فارم داخل کیا ہو وہ ہارڈ کاپی حج ہاوز میں جمع کریں۔