حج 2019 کیلئے بڑی ریاستوں کے تمام عازمین کی درخواستیں منظور

ہندوستانی حج کوٹہ 25000 کے اضافہ کیساتھ 2,00,000 مقرر، سعودی حکمنامہ جاری
نئی دہلی 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی جانب سے ہندوستانی عازمین حج کا کوٹہ دو لاکھ تک بڑھائے جانے کے بعد اترپردیش، مغربی بنگال اور بہار جیسی بڑی ریاستوں میں عازمین کے سفر کی درخواستوں کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔ حکومت سعودی عرب نے ہندوستانی حج کوٹہ میں اضافہ کے لئے جمعہ کو رسمی حکمنامہ جاری کیا۔ واضح رہے کہ فروری کے دوران وزیراعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں سعودی عرب کے ولیعہد نے ہندوستانی حج کوٹہ میں مزید 25,000 کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے ساتھ ہی ہندوستانی عازمین کی مجموعی تعداد 2,00,000 تک پہونچ گئی تھی۔ باخبر ذرائع نے کہاکہ ’ہندوستانیوں کے حج کوٹہ میں نمایاں اضافہ کے سبب اترپردیش، مغربی بنگال، انڈامان و نکوبار جزائر، وادرا نگر حویلی، گوا، منی پور، لکشدیپ، اڈیشہ، پدوچیری، آندھراپردیش، آسام، بہار، چندی گڑھ، دمن اور دیو، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ، پنجاب، تریپورہ کے تقریباً تمام درخواست گذار اس سال حج کے سفر پر روانہ ہوں گے‘‘۔ ذرائع نے مزید کہاکہ رواں سال دو لاکھ ہندوستانیوں کی ریکارڈ تعداد کسی سبسیڈی کے بغیر سفر حج پر روانہ ہوگی۔ 2019 ء کے حج کی ایک اور خصوصیت یہ بھی ہے کہ ہندوستان کی 2,340 خواتین کسی محرم یا مرد ساتھی کے بغیر تنہا سفر کریں گے۔ اترپردیش سے 34,397 ، مغربی بنگال سے 8,470 ، گوا سے 191 ، منی پور سے 299 ، اڈیشہ سے 698 ، آسام سے 3,588 ، بہار سے 4,950 ، ہماچل پردیش سے 72 ، جھارکھنڈ سے 2,233 ، پنجاب سے 342 اور تریپورہ سے 110 عازمین کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں جو تمام منظور کرلی گئیں۔ اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت بننے کے بعد حج کوٹے میں مسلسل تیسری مرتبہ اضافہ ہوا ہے ۔ سال2017میں ہندوستانی حج کوٹہ1.70لاکھ اور 2018میں بڑھا کر 1.75لاکھ ہوگیا تھا۔ 2014میں ہندوستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 36 ہزار تھا جو بڑھ کر اب ریکار ڈ دو لاکھ ہوگیا ہے ۔