حیدرآباد /22 مارچ ( سیاست نیوز )حج 2019 کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ سمیت 14 ریاستوں کیلئے ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی ہے ۔ تلنگانہ کیلئے ایک تا 308 ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی گئی ۔ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر مقصود احمد خان نے سرکولر جاری کیا ۔ جملہ 5006 نشستیں محتلف ریاستوں میں درخواستوں سے دستبرداری کے سبب سنٹرل حج کمیٹی کے پاس تھیں جنہیں تقسیم کردیا گیا ۔ ریاستوں اور الاٹ کردہ نشستوں کی تعداد اس طرح ہے ۔ تلنگانہ 308، چھتیس گڑھ 24، دہلی 111، گجرات 268 ، ہریانہ 39، جموں کشمیر 312 ، کرناٹک 490، کیرالا 630، مدھیہ پردیش 155، راجستھان 149 ، ٹاملناڈو 271، اترپردیش 1620 اور اترا کھنڈ 36 ، ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو اڈوانس اور پہلی قسط کی رقم جملہ 2 لاکھ ایک ہزار روپئے جمع کرنا ہوگا ۔ یہ رقم سنٹرل حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر آن لائین جمع کی جاسکتی ہے ۔ یا پھر ایس بی آئی یا UBI کی کسی برانچ میں حج کمیٹی کے اکاونٹ میں جمع کی جاسکتی ہے ۔ دونوں بینکوں کی کس برانچ میں بذریعہ چیک بھی رقم جمع کرنے کی سہولت رہے گی ۔ رقم جمع کرنے کے بعد انٹرنیشنل پاسپورٹ معہ کلر فوٹو ، پے سلپ ، مڈیکل اسکریننگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ ریاستی حج کمیٹی میں 5 اپریل تک داخل کردیں ۔ ریاستی حج کمیٹیاں 11 اپریل تک عازمین کے پاسپورٹس اور دیگر تفصیلات سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردیں گے ۔