حج 2019 ء کے عازمین ایر انڈیا سے پرواز کریں گے

4مئی کو رباط کیلئے قرعہ اندازی، سابق ریاست حیدرآباد کے عزیزیہ زمرہ کو سہولت
حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے سلسلہ میں ایر انڈیا الاٹ ہوا ہے ۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں نے آج حج کمیٹی کے حکام سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی اور انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ دو سال کے وقفہ کے بعد عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے لئے ایر انڈیا کے فلائیٹس الاٹ ہوئی ہیں۔ اس سے قبل زیادہ تر سعودی ایرلائینس کی خدمات تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے حاصل ہوتی رہیں۔ سعودی ایر لائینس کی صورت میں عازمین حج کو بہتر سہولتوں کے امکانات تھے کیونکہ سعودی عرب نے طیاروں کی لینڈنگ اور پرواز کے سلسلہ میں مقامی ایرلائینس کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ غیر مقامی ایرلائینس کو اس قدر سہولتیں ایرپورٹ پر دستیاب نہیں رہتی جو سعودی ایرلائینس کو دستیاب ہے ۔ مرکزی حکومت اور سنٹرل حج کمیٹی کے اشتراک سے ہندوستان کے امبارگیشن پوائنٹس کو ایرلائینس الاٹ کئے جاتے ہیں۔ سعودی ایرلائینس اور ایر انڈیا کے علاوہ فلائی ناز کمپنی عازمین حج کی خدمات انجام دیتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایر انڈیا کے حکام نے عازمین کی روانگی کے سلسلہ میں امکانی تاریخوں سے حج کمیٹی کو واقف کرایا ۔ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے چند اضلاع کے عازمین کی روانگی 21 جولائی تا 4 اگست عمل میں آئے گی۔ ان تاریخوں میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔

ایر انڈیا کی فلائیٹس تین علحدہ گنجائش کی استعمال کی جائیں گی جبکہ سعودی ایرلائینس نے 300 عازمین کی گنجائش والی فلائیٹس کو استعمال کیا تھا۔ روانگی اور واپسی کے انتظامات کو قطعیت دینے کے لئے ایر انڈیا کے عہدیدار بہت جلد تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔ اسی دوران 4 مئی کو مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں عازمین حج کی قرعہ اندازی کے انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ چومحلہ پیالس میں ناظر رباط حسین محمد الشریف کی موجودگی میں قرعہ اندازی انجام دی جائے گی۔ جاریہ سال رباط میں 1223 عازمین کے قیام کی گنجائش رہے گی۔ گزشتہ سال 1286 عازمین کے لئے قیام کے انتظامات کئے گئے تھے ۔ تین ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سابق نظام اسٹیٹ کے اضلاع پر مشتمل عزیزیہ زمرہ کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا ۔ رباط میں قیام کیلئے علحدہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ عزیزیہ زمرہ کے تمام کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی کے سافٹ ویر کا استعمال کرتے ہوئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے بتایا کہ تین عمارتیں عصری سہولتوں کے ساتھ موجود ہیں جو حرم شریف سے دیڑھ کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 31 اضلاع کے علاوہ کرناٹک کے 4 اضلاع ، بیدر ، گلبرگہ ، رائچور ، یادگیر اور مہاراشٹرا کے 8 اضلاع عثمان آباد ، اورنگ آباد ، بیڑھ ، ناندیڑھ ، پربھنی ، لاتور ، ہنگولی اور جالنہ سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کے کور نمبرس قرعہ اندازی میں شامل کئے جائیں گے ۔