حج 2019 ء درخواستوں کی 18 اکتوبر سے اجرائی

حیدرآباد ۔ 9۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خاں کے مطابق حج 2019 ء کیلئے درخواستوں کی اجرائی کا 18 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ آن لائین درخواست فارم داخل کریں۔ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ hajcommittee.co.in پر حج درخواست فارم دستیاب ہے۔ ان کی فوٹو کاپی بھی پر کرتے ہوئے داخل کی جاسکتی ہے۔ درخواست گزاروں سے خواہش کی گئی کہ وہ درخواست کو پر کرنے سے قبل رہنمایانہ خطوط کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور فضائی کرایے اور اپنی سہولت کے اعتبار سے امبارگیشن پوائنٹ کا انتخاب کریں۔ رہائش کا زمرہ ، قربانی اور امبارگیشن پوائنٹ کے سلسلہ میں ایک مرتبہ منتخب کردہ آپشن تبدیل کرنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ پر کردہ درخواست فارم تمام درکار دستاویزات کے ساتھ متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کے دفاتر میں 18 اکتوبر تا 17 نومبر قبول کئے جائیں گے۔ درخواست گزاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہئے جو 17 نومبر 2018 ء سے قبل جاری کردہ ہو اور جس کی مدت 31 جنوری 2020 ء تک برقرار رہے۔ حج درخواست فارمس کے شیڈول کی اجرائی کے بعد ریاستی حج کمیٹیوں کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔